حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام؛ وزیر اعظم استعفیٰ دے کر عوام کو فوری ریلیف دیں، شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مہنگائی کنٹرول کرنے میں ’ناکامی‘ پر وزیر اعظم عمران خان کو ’استعفی‘ دے کر عوام کو ’فوری ریلیف‘ دینے کا مشورہ دے دیا۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہباز شریف نے کہا کہ آٹا، چینی، گھی، دوائی، بجلی، گیس، پٹرول، معیشت، مہنگائی پر بس نہیں چل رہا تو استعفیٰ دینا عمران خان کے بس میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ استعفی لکھ کر عوام کو فوری ریلیف دیں، چینی کے بعد پٹرول اور اس پر بجلی کی قیمتوں میں ایک اور اضافہ عوام پر مہنگائی کی بمباری ہے، ظلم کی یہ حکومت نہیں چل سکتی۔

علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’باہی سرکار آئی ایم ایف کی شرائط پر لیوی کے ذریعے 250 سے 300 ارب حاصل کرنا چاہتی‘۔

انہوں نے ٹوئٹر پر انگریزی اخبار کی خبر کا ایک حصہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ خود کو ایماندار، دوسروں کو چور کہنے والے پیٹرول پر فی لیٹر 21 روپے اور ڈیزل پر فی لیٹر 28 روپے حاصل کر رہے۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی 10 روپے فی لیٹر لے رہی جو آنے والے دنوں میں 15 روپے تک لے جائے گئی۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ تباہی سرکار آئی ایم ایف کی شرائط پر لیوی کے ذریعے 250 سے 300 ارب حاصل کرنا چاہتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ صرف پیٹرولیم لیوی کی محصولات کا ہدف 120 ارب کے ریلیف پیکج سے بھی زیادہ ہے۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ آئی ایم ایف کا قرضہ حاصل کرنے کے لئے حکومت پیٹرول، بجلی اور گیس کے نرخوں میں مزید اضافہ کرے گی۔ ملک میں مزید بحران اور مہنگائی کی سونامی آئے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف تب ملے کا جب یہ نااہل حکومت گھر جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں