وزیر اعظم کا کامیاب جوان پروگرام کی کارکردگی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار

وزیراعظم عمران خان سے سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار کی ملاقات ، وزیراعظم کو کامیاب جوان اور نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کی کارکردگی رپورٹ پیش کی ۔

رپورٹ کے مطابق ، حکومت ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو روزگار ، ہنر اور تکنیکی مہارت فراہم کرنے میں کامیاب ہوئی جبکہ 2 سال میں 35 ارب روپے سے زائد کی رقم نوجوانوں میں تقسیم ہوئی ۔ یوتھ انٹرپینورشپ اسکیم کے تحت 30 ارب روپے کی رقم تقسیم ہوئی ، رقم کی تقسیم ملک بھر کے نوجوانوں میں بلا تفریق میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ہوئی ۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کامیاب جوان اسکل اسکالرشپ پروگرام میں بھی 5 ارب روپے جاری کیے گئے ، ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو جدید ہنر اور تکنیکی مہارت سکھائی گئی ۔ وزیراعظم عمران خان کا کامیاب جوان پروگرام کی کارکردگی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار ۔ وزیراعظم کی محنت کرنے پر سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار اور ٹیم کی تعریف ۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پروگرام میں شفافیت اور میرٹ یقینی بنانے پر خوشی ہے ۔ 2 سالہ محنت کے نتائج سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں ۔ حکومت اپنے نوجوانوں کی ہر طرح سے مدد کیلئے تیار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے میں شامل پارٹنر بینک رقم کی تقسیم کا عمل مزید تیز کریں ۔ نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کی فراہمی کے مزید مواقع فراہم کریں گے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے میں تبدیلی کا اصل محرک ہوتے ہیں ۔ انٹرپینورشپ میں دلچسپی لینے والے نوجوان حکومتی سرپرستی میں آگے بڑھیں ۔ مشیر خزانہ سے کہا ہے کہ نوجوانوں کیلئے پہلے سے زائد فنڈز مختص کریں ۔

سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار کا وزیراعظم سے اظہار تشکر ، کہا سسٹم مضبوط ہو چکا ہے ، توجہ منصوبے میں مزید تیزی لانے پر ہے ۔ کسی صورت میرٹ اور شفافیت پر سمجھوتہ نہیں ہو گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں