چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان کے پائیدار حل کے لیے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات چین کے سفیر سے ملاقات کے دوران کہی۔
پاک فوج کے سربراہ سے چینی سفیر کی ملاقات کے موقع پر نئے چینی ڈیفنس اتاشی بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دوران ملاقات کہا کہ افغانستان میں امن سے خطے میں استحکام کو فروغ ملے گا۔ آرمی چیف نے چین کے ڈیفنس اتاشی کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔
چینی وفد نے سی پیک منصوبوں کے لیے پرامن ماحول کی فراہمی پر اظہار تشکر کیا اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔