وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، جس میں پاکستان آنے والی پروازوں کے لیے ٹریول پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ تمام فلائٹس کو 10 نومبر سے پوری گنجائش کے ساتھ پاکستان آنے کی اجازت ہوگی، 10 ممالک کو کیٹیگری سی میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق کورونا کی شرح زیادہ ہونے پر 10 ممالک کو کیٹیگری سی میں رکھا گیا، کیٹیگری سی میں آرمینیا، بلغاریہ، کوسٹاریکا، عراق اور میکسیکو شامل ہیں۔
این سی او سی کے مطابق کیٹیگری سی میں منگولیا، سلوانیا،تھائی لینڈ اور یوکرائن بھی شامل ہیں، جبکہ کیٹیگری بی میں 6 ممالک کو شامل کیا گیا ہے۔
این سی او سی کے مطابق کیٹیگری بی میں روس، ایران، ایتھوپیا، جرمنی، فلپائن اور افغانستان شامل ہیں، کیٹیگری بی میں شامل ممالک پر کوئی سفری پابندیاں نہیں ہو ں گی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے ویکسین 100 فیصد ہونی چاہیے، 6سال اور اس سے زیادہ عمر کے مسافروں کے لیے پی سی آر رپورٹ لازمی قرار دی گئی ہے۔