وزیر اعظم کل غریب طبقے کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے، فواد چوہدری

حکومت نے انتخابی اصلاحات پر اتحادیوں سے حمایت مانگ لی ہے۔ اتحادیوں نے بھی حکومت کو ساتھ دینے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے میڈیا کو بریفنگ ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے الیکشن ریفارمز پر اتحادیوں کواعتماد میں لیا جس پر اتحادیوں نے انتخابی اصلاحات پر ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات کے بغیرشفاف الیکشن ممکن نہیں اورحکومت انتخابی اصلاحات کے حوالے سے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اہم فیصلوں پر کل قوم کو اعتماد میں لیں گے اور غریب طبقے کے لیے ریلیف پیکج کا بھی اعلان کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات سے متعلق بات چیت کی گئی اوروزیراعظم عمران خان نے ریفارمز پر اعتماد میں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات پر اتحادیوں کو بریفنگ دی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیرفواد چودھری نے کہا کہ تمام اتحادیوں نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ وہ انتخابی اصلاحات پر حکومت کے ساتھ ہیں۔

میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر فواد چودھری نے دعویٰ کیا کہ بنیادی اشیا اب بھی پاکستان میں کم قیمت پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیل خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں سستا ہے۔

انہوں نے اس ضمن میں تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 138 روپے ہے جب کہ بھار ت میں 200 روپے سے زائد ہے۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان نے صوابدیدی فنڈ سے ایک روپیہ بھی نہیں لیا اور وزیراعظم پیکج ہی ختم کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے حکومت کے منظور نظر افسران کو پلاٹ ملتے تھے لیکن اب اس کا جائزہ لیا جائے گا اور منظم طریقے سے ہاؤسنگ کی الاٹمنٹس کو دیکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں