نیشنل بینک پر سائبر حملہ، مالی نظام منجمد، نیشنل بینک آف پاکستان کی ملک بھر میں تمام سروسز معطل کر دی گئیں۔ بینک کے صدر عارف عثمانی نے کہا ہے کہ ہیکرز نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب سائبر حملہ کیا۔
عارف عثمانی کے مطابق ہیکرز نے نیشنل بینک کے مائیکرو سافٹ والے سسٹم کو ہیک کر لیا ہے لیکن ہیکرز مین سرور میں گھسنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
انہوں نے کہا ہے کہ نیشنل بینک کے تمام کمپیوٹر نظام کو ماہرین ڈس انفیکٹ کر رہے ہیں۔ اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، این بی پی اور نجی کمپنیز کے آئی ٹی ماہرین نظام بحال کر رہے ہیں۔
آئی ٹی ایکسپرٹ کے مطابق نیشنل بینک پر ایف بی آر جیسا سائبر اٹیک ہوا ہے
عارف عثمانی کا کہنا تھا کہ کل رات سے مسلسل کام کر رہے ہیں امید ہے پیر تک کامیاب ہوجائیں گے، پیر تک کامیابی نہ ملی تو آئسولیٹ کرکے سسٹم اور بینک سروسز جاری رکھیں گے۔
سائبر حملے نے پورے ملک میں نیشنل بینک کی سروسز کو متاثر کیا، جس سے پبلک سیکٹر کے ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
اس سے قبل اگست کے شروع میں، ہیکرز نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے زیر انتظام پاکستان کے سب سے بڑے ڈیٹا سینٹر پر حملہ کیا اور مائیکروسافٹ کے ہائپر-وی سافٹ ویئر کو توڑنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔