وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے یوم سیاہ کشمیر پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے اپنے پیغام میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کشمیریوں نے کئی عشرے قبل 27 اکتوبر کو بھارتی تسلط کے خلاف جدوجہد شروع کی۔
#Kashmir pic.twitter.com/YM0CE5T7lD
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 27, 2021
انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد میں ماؤں نے اپنے لال، بہنوں نے اپنے بھائی، سہاگنوں نے اپنے سہاگ اور بچوں نے اپنے والدین کھوئے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہزاروں لا پتہ افراد بھارتی جیلوں میں دم توڑ گئے، جبر، استبداد اور استحصال کی مثالیں بھارت کشمیر میں روزانہ قائم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا ہمیشہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں کارروائیوں کی مذمت کرتی رہی ہے، پاکستان کی قوم 27 اکتوبر کو کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یک جہتی کرتی ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہم نے کشمیر کے لیے 3 جنگیں لڑی ہیں، ہمارے قبرستان کشمیر کے لیے قربانیاں دینے والے شہیدوں کے خون سے مہک رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنی معیشت، سیاست اور خارجہ پالیسی کشمیری عوام کی امنگوں کی نذر کی ہے، ان شاء اللّٰہ جبر کا یہ دور ختم ہو گا، آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشمیر کے لوگ وہ دن بھی دیکھیں گے جب ان کی اپنی حکومت ہو گی۔