لکی مروت میں پولیس موبائل وین پر نامعلوم افراد نے فائر کھول دیا جس کی زد میں آ کر اے ایس آئی سمیت چار اہلکار شہید ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس وین میں سوار اہلکار لکی میانوالی روڈ پر گشت کر رہے تھے کہ 2 موٹرسائیکلوں پر سوار نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، واردات کے بعد حملہ آور اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فورس کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کر دی۔ ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں کو سٹی ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ شہدا میں اے ایس آئی یعقوب، کانسٹیبل مستقیم، کانسٹیبل انعام اور ڈرائیور رحیم شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق علاقے میں حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی، پولیس ترجمان نے بتایا کہ شہیدوں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ پولیس لائن لکی مروت میں ادا کی جائے گی۔