اپرکوہستان: چینی انجینئرز کی بس پر حملے کے باعث بند ہونے والے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر 3 ماہ 10 دن بعد دوبارہ کام کا آغاز ہو گیا ہے۔
اپرکوہستان میں برسین کے مقام پر کام کی بحالی کے موقع پر دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں واپڈا اور چائینیز کمپنی کے افسران نے بھی شرکت کی۔
پراجیکٹ پر کام کرنے والوں کے لیے کورونا ویکسی نیشن اور پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان واپڈا کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ پر کام کی مکمل بحالی مرحلہ وار ہو گی، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) کا کہنا ہے کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی سکیورٹی کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں اور علاقے میں پولیس کی 9 نئی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام 14 جولائی کو ہونے والے دھماکے کے بعد بند کر دیا گیا تھا، دھماکے میں 9 چائینیز اور3 پاکستانی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔