اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا سب سے بڑا داعی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پنج پیر صوابی میں ترقیاتی کاموں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو آزاد خارجی پالیسی دی ، خطے میں بدلتی صورت حال کے پیش نظر پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دنیا میں کورونا وباء کے بعد معاشی سرگرمیوں کی بحالی سے عارضی بحران پیدا ہوا،غریب اور متواسط طبقے کیلئے جلد ریلیف پیکج دیں گے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا سب سے بڑا داعی ہے ، افغانستان میں امن کے قیام سے سینٹرل ایشیاء میں اقتصادی تبدیلی رونماء ہوگی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور خاص طور پر گودار سے سینٹرل ایشیاء میں کاروبار اور روزگار کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا ، رشکئی اسپیشل اکنامک زون کی تکمیل سے صوابی ، نوشہرہ ، مردان اور چارسدہ کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن صوابی میں یتیموں اور بیواؤں کو مفت تعلیم ، صحت اور رہائش کے مواقع دے گا۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ صوابی کےعوام تمام تحریکوں میں پیش پیش رہیں، صوابی کو پہلی بار ملکی سیاست میں نمائندگی ملی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ صوابی میں صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ، موجودہ دور میں خیبر پختونخوا، بلوچستان سمیت سابق فاٹا کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے.