پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے)کا حالیہ سال میں ڈرائی لیز پر حاصل کیا گیا دوسرا طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔
ایئربیس 320طیارہ 6 سال کی لیز پر حاصل کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق طیارہ فرانس کے شہر پرپیگنن براستہ مصر اسلام آباد پہنچا، اے 320طیارہ آئندہ چند روز میں پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں باضابطہ طور پر شامل ہو جائے گا۔ قومی ایئرلائن نے 3ہفتے قبل بھی ڈرائی لیز پر طیارہ حاصل کیا تھا جو کہ آپریشن کا حصہ بن چکا ہے۔
موجودہ انتظامیہ کے دور میں یہ تیسرا طیارہ ہوگا جو کہ پی آئی اے کے بیڑے کا حصہ بنا۔ اس طیارے کی شمولیت سے پی آئی اے بیڑے میں ائیر بس 320طیاروں کی مجموعی تعداد 11ہوگئی۔
بزنس پلان کے مطابق مزید طیارے پی آئی اے کے بیڑے کا حصہ بنیں گے۔ طیاروں کے حصول میں تعاون کیلئے سی ای او پی آئی اے نے خصوصی طور پر وزیر ہوابازی اور وزارت خزانہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔