وزیراعظم کے معاون خصوصی جمشید اقبال چیمہ عہدے سے مستعفی

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سیکیورٹی جمشید اقبال چیمہ عہدے سے مستعفی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق جمشید اقبال چیمہ این اے 133 لاہور کے ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے۔ جمشید اقبال چیمہ نے استعفی وزیراعظم کو بھجوا دیا ہے۔

لاہور کی نشست این اے 133 پر 5 دسمبر کو ضمنی انتخاب ہو گا۔ الیکشن کمیشن نے لاہور کی نشست این اے 133 پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے اور امیدوار 21سے 25 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے جبکہ حلقے میں پولنگ 5 دسمبر کو ہو گی۔

مسلم لیگ (ن) لاہور کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کی وفات کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔ این اے 133 کی نشست پر مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے درمیان بڑا سیاسی معرکہ ہوگا۔ این اے 133 کے لیے تاحال پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کا نام سامنے نہ آ سکا۔

نشست پر اپنے امیدوار کے لیے تحریک انصاف نے جمشید اقبال چیمہ کا نام فائنل کر لیا۔ تحریک انصاف کے نامزد امیدوار جمشید اقبال چیمہ کا تحریک انصاف کے ٹکٹ پر یہ تیسرا الیکشن اور تیسرا حلقہ ہوگا۔ جمشید چیمہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سیکیورٹی رہے ہیں جبکہ ان کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ مخصوص نشست پر رکن پنجاب اسمبلی ہیں۔

جمشید اقبال چیمہ 2013 کے الیکشن سے قبل تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے۔ انھوں نے پہلا الیکشن 2013ء میں لاہور کے صوبائی حلقہ پی پی 146 سے لڑا جس میں انھوں نے 23841 ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ مسلم لیگ ن کے ملک محمد وحید نے 55850 ووٹ لیکر یہ نشست جیتی تھی۔

2018 میں انہیں این اے 127 میں ٹکٹ دیا جہاں الیکشن میں جمشید اقبال چیمہ نے 66818 ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ مسلم لیگ ن کے علی پرویز ملک 113265 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے۔ 2018 کے الیکشن میں این اے 133 میں تحریک انصاف کے اعجاز چوہدری نے 77231 ووٹ لیے جبکہ ن لیگ کے پرویز ملک (مرحوم) 89678 ووٹ لیکر جیت گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں