ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) نے پاکستان کو احساس پروگرام کے لیے 60کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کردیا، اے ڈی بی سے حاصل رقم سے پاکستان میں سماجی شعبے کا تحفظ بہتر ہوسکے گا۔
تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیربرائےاقتصادی امورعمرایوب خان سےایشیائی ترقیاتی بینک کےکنٹری ڈائریکٹرنےملاقات کی.
وفاقی وزیر نے حکومت پاکستان کی مسلسل تکنیکی اور مالی معاونت پر اے ڈی بی مینجمنٹ اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعریف کی،عمر ایوب نے ویکسین کی خریداری کے لیے کی بروقت مدد کو بھی تسلیم کیا جبکہ دونوں فریقوں نے ملک میں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم کے لیے اضافی مالی وسائل کو متحرک کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا.
کنٹری ڈائریکٹر نے عمر ایوب کو بتایا کہ حال ہی میں احساس پروگرام کے تحت انٹیگریٹڈ سوشل پروٹیکشن ڈویلپمنٹ کے لیے 60کروڑ ڈالر فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ ایک نئے پروگرام پر بات چیت کی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا اے ڈی بی سے حاصل رقم سے پاکستان میں سماجی شعبے کا تحفظ بہتر ہوسکے گا، رقم کا مقصد احساس پروگرام کو مزید بہتر بنانا ہے، انسداد کورونا کے لیے بینک کے تعاون کے شکر گزار ہیں،پاکستان میں ویکسین کی مہم بہترین انداز سے جاری ہے، پاکستان میں سڑکوں اور ڈیجیٹل رابطوں کی سہولیات بہتر کی جا رہی ہیں۔