ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی کے تمام علاقوں میں روڈ کارپٹنگ جلد مکمل کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رات گئے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور نرسری سے متصل راضی روڈ پی ای سی ایچ ایس آمد ہوئے۔
کے ایم سی کے ورکس ڈیپارٹمنٹ نے جاری کام کے حوالے سے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو بریفنگ دی۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ رات گئے شہر کی سڑکوں پر کام ہو رہا ہے، راضی روڈ پر موجود ہوں، بڑے عرصے سے روڈ خستہ حالت میں تھا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا ہے کہ کے ایم سی کا عملہ اس پر کام کر رہا ہے اور عوام کی خدمت میں مصروف ہے، 2100 فیٹ کی یہ سڑک ہے، اس کی سیورج اور ڈرینج کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے، روڈ کی کارپیٹنگ کا عمل بھی جاری ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اپنے چیئرمین بلاول بھٹو کے مشن پر گامزن ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ شہر کراچی کے تمام علاقوں میں ترقیاتی کام اور روڈ کارپٹنگ جلد مکمل کی جائے گی۔