گرین لائن منصوبے کی مزید 40 بسیں کراچی پہنچ گئیں، ٹیسٹنگ جاری

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ گرین لائن کی مزید 40 بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین لائن بسوں کی ٹیسٹنگ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ کورونا کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا ، خواہش ہے کہ اورنج لائن بھی جلد مکمل ہو لیکن خدشہ ہے وہ مقررہ وقت پر مکمل نا ہوسکے ، وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کرونگا ، پاکستان میں گیس کی کمی ہے، ذخائر کم ہورہے ہیں۔

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ سردیوں میں عوام کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑے گا ، وقتی تکلیف ہے کیونکہ گیس کے شپمنٹس آرہے ہیں ، زیادہ مسئلہ نہیں ہوگا ، ٹارگیٹڈ سبسڈی کارڈ سندھ میں بھی تقسیم کیے جائیں گے۔

 اس سے قبل گورنر سندھ عمران اسماعیل نے معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی سے دارالعلوم کورنگی میں ملاقات کی تھی جس میں  گورنر سندھ نے 22 اکتوبر کو گورنر ہاؤس میں منعقد کی جانے والی علماء و مشائخ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے شان رحمت للعالمین ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے ، وزیراعظم منعقدہ سیرت النبیﷺ کانفرنس میں بذریعہ ویڈیو لنک خطاب بھی کریں گے ، وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ماہ مقدس کو شایان شان طریقے سے منانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے گورنر سندھ کی جانب سے شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے علماء و مشائخ کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں