دالوں، سبزیوں، چینی اور آٹے کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں: فواد چودھری کا دعویٰ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ دالوں، سبزیوں، چینی اور آٹے کی قیمتیں کم ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم نے پارٹی لیڈرشپ کوعوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے لیے شیڈول جاری کیا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم نے احساس پروگرام سے متعلق اجلاس کی صدارت کی اور ہدایت کی متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

انہوں ںے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب احساس پروگرام کی سبسڈی اسکیم میں حصے داربننے کوتیارہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور کشمیر نے بھی اس میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان کو بھی چاہیے کہ سبسڈی اسکیم میں حصے دار بنیں۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت گندم کی ریلیزمیں تاخیرکررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی نسبت سندھ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 400 روپے مہنگا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال گنے کی ریکارڈ پیداوار ہو گی جب کہ کاٹن کی پیداوار گزشتہ سال کی نسبت 60 فیصد زائد ہے۔

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر نے کہا کہ آٹے اورچینی کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہورہی ہے اور کرشنگ سیزن شروع ہوتے ہی چینی مزید سستی ہو جائے گی۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے تسلیم کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

میڈیا بریفنگ میں فواد چودھری نے کہا کہ مستقبل میں وزیراعظم بڑے پروگرامزکا اعلان کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں