یکم مئی سے اب تک پاکستانی کرنسی 12 فیصد گر چکی ہے، مفتاح اسماعیل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں 85 لاکھ لوگ بےروزگار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف دور میں 50 لاکھ لوگوں کو روزگار دیا گیا ہے۔

سابق وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ حکومت ٹیکس جمع کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، ہمارے دور میں معاہدے نہ ہوتے تو آج پاکستان اندھیرے میں ہوتا، وزراء بتائیں بھارت، بنگلہ دیش میں بجلی، گیس کتنے کی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ 165 ارب کاگردشی قرضہ چھوڑ کر گئے تھے، اب 2500 ارب کا ہوگیا ہے، ہم سڑکوں پر آرہے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہیں کرنے دیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مزید کہا ہے کہ حکومت کو سمجھ نہیں اس وقت سب سے بڑامسئلہ مہنگائی ہے، یکم مئی سے ابتک پاکستانی کرنسی 12 فیصد گر چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں