وزیر داخلہ شیخ رشید احمد محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم کی اسلام آباد میں رہائش گاہ پر تعزیت کے لئے تشریف لائے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے ڈاکٹرعبدالقدیر خان مرحوم کی بیٹی دینا خان اور دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کی پوری کوشش کریں گے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں مہنگائی ہوئی ہے، دنیا میں آئل کی قیمتیں بڑھیں۔پاکستان بھی اس کی زد میں آیا، مہنگائی پر قابو پانے کی پوری کوشش کریں گے۔وفاقی وزیر داخلہ نےا کہاکہ ادارے کے سربراہ کا نام لینا مریم نواز کی کم عقلی ہے، فوج کو دھوبی گھاٹ اورچوک چوراہوں میں ڈسکس نہیں کرتے، ڈسکس کریں گے توسیاست میں بھی آپ کے ساتھ دھوبی گاٹ والا سلوک ہوگا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم حالات کا خندہ پیشانی سے سامنا کررہے ہیں، وزیراعظم عمران خان خوش قسمت ہیں انہیں نالائق اپوزیشن ملی، عمران خان کہیں نہیں جارہے۔ مدت پوری کریں گے، کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے، عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے مزید کہا ہے کہ نواز شریف پلان کر کے لندن گئے وہاں خون کےآنسو رونے کی ضرورت نہیں۔ مریم نواز کی تقریر سےعمران خان کا نام نکال دیا جائے تو اس میں کیا تھا۔