قومی اسمبلی نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیرخان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور کرلی ۔
قرارداد میں سرکاری نصاب میں ڈاکٹر عبدالقدیرخان کی خدمات شامل کرنے کا مطالبہ کردیا گیا، جماعت اسلامی نے لاہور اسلام آباد موٹروے کا نام ڈاکٹر اے کیو خان کے نام پر رکھنے کا مطالبہ کردیا ۔
اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس کے دوران محسن پاکستان ڈاکٹرعبدالقدیرخان کو خراج عقیدت پیش کرنے کی متفقہ قرارداد وزیر مملکت علی محمد خان نے پیش کی۔
قومی اسمبلی نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو سرکاری نصاب میں شامل کرنے کی متفقہ قرارداد منظور کرلی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کا ایوان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو سلام پیش کرتا ہے ،یہ ایوان سمجھتا ہے کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان نے پاکستان اور عالم اسلام کو دفاع مہیا کیا ،یہ ایوان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہے ۔
اجلاس میں اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پرویزملک کے انتقال سے ملک مدبر سیاستدان سے محروم ہوگیا ،انکے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان پاکستان ہی نہیں عالم اسلام کے محافظ تھے ،انہوں نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا ،معروف اداکار عمر شریف بھی انتقال کرگئے ،ان سب فوت ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہیں ۔
جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے دعائے مغفرت کرائی ۔
رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کئی سال نیم نظربندی میں گزارے ۔اس وقت کی حکومت نے انہیں معتوب کیا ، ہمارا فرض ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی خدمات کا اعتراف کریں ۔بیرونی دبائو اور سیاسی مصلحتوں پر ملک کی خدمت کرنے والوں کو معتوب نہیں کیا جانا چاہیے تھا ۔
خواجہ آصف نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے روا رکھے جانے والے سلوک پر پوری قوم کی طرف سے معافی مانگ لی ۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر سے بیس سال جو سلوک ہوا اس پر قوم ان سے معافی کی خواستگار ہے ۔
وزیرمملکت علی محمد خان نے کہا کہ قائد نے ملک بناکر دیا ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان بچا کر دیا ،ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان ہی نہیں پوری امت مسلمہ کو دفاع دیا ،سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان اس ملک کے ہیرو تھے۔ جو سلوک ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ساتھ روا رکھا گیا وہ افسوسناک تھا۔ ڈاکٹرعبدالقدیر خان ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے حوالے سے کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی، بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا ۔