پاکستانی پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں ان کی خدمات پر مسلم دنیا کے سب سے بڑے سائنسی ایوارڈ مصطفی انعام یافتہ 2021 قرار دیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق ’مصطفی پرائز لاریئٹ‘ سائنس اور ٹیکنالوجی کا ایک اعلیٰ ایوارڈ ہے جو ہر دو سال بعد مسلمان ممالک کے چوٹی کے محققین اور سائنسدانوں کو چار شعبوں میں دیا جاتا ہے جس میں زندگی اور طبی سائنس اور ٹیکنالوجی، نینو سائنس اور نینو ٹیکنالوجی، انفارمیشن اور مواصلاتی سائنس اور ٹیکنالوجی اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے دیگر تمام شعبوں میں دیا جاتا ہے۔
یہ ایوارڈ کو 2012 میں بین الاقوامی سطح پر سائنسی مہارت کی علامت کے طور پر قائم کیا گیا تھا اور اسے مسلم دنیا کا نوبیل انعام سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان، ایران، بنگلہ دیش، لبنان اور مراکش کے پانچ سائنسدانوں کو ان کے متعلقہ شعبوں میں مصطفی انعام 2021 سے نوازا گیا ہے۔
ایوارڈ کی ویب سائٹ کے مطابق ہر شعبے میں ایوارڈ جیتنے والے کو 5لاکھ ڈالر کا ایوارڈ، سرٹیفکیٹ اور میڈل دیا گیا ہے۔
جامعہ کراچی میں بین الاقوامی مرکز برائے کیمیکل اور حیاتیاتی سائنسز (آئی سی سی بی ایس) کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری عالمی شہرت یافتہ دواؤں کے کیمسٹ ہیں، بین الاقوامی جرائد میں نامیاتی اور جیو نامیاتی کیمسٹری کے شعبوں میں ان کے ایک ہزار 175 سے زائد تحقیقی مقالے شائع ہو کیے جا چکے ہیں، وہ اس موضوع پر 76 کتب اور 40 ابواب بڑے امریکی اور یورپی پریس کی شائع کردہ کتب میں شائع ہو چکے ہیں جبکہ وہ اب تک 40 امریکی پیٹنٹ بھی حاصل کر چکے ہیں۔
ڈاکٹر اقبال کے کام کو دنیا بھر کے محققین نے 27ہزار 407 بار نقل کیا ہے اور ان کا ایچ۔انڈیکس 70 ہے جبکہ اب تک 94 مقامی اور بین الاقوامی اسکالرز نے ان کی زیر نگرانی پی ایچ ڈی کی ڈگریاں مکمل کی ہیں۔
پی ایچ ڈی، ڈی ایس سی اور سی کیم کی ڈگریوں کے حامل ڈاکٹر اقبا؛ مختلف پاکستانی حکومتیں ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز اور تمغہ امتیاز سے نواز چکی ہیں۔
وہ معروف اکیڈمیوں کے فیلو بھی رہ چکے ہیں جن میں اکیڈمی آف سائنسز فار دی ڈیولپنگ ورلڈ، اسلامک ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز، پاکستان اکیڈمی آف سائنسز، رائل سوسائٹی آف کیمسٹری اور کیمیکل سوسائٹی آف پاکستان شامل ہیں۔
پروفیسر اقبال کو اس سے قبل ایران کے صدر نے خوارزمی بین الاقوامی ایوارڈ سے نوازا تھا، آذربائیجان کے صدر نے تعلیم کے شعبے میں آئی سی او ایوارڈ دیا تھا اور پاکستان کے وزیر اعظم نے کیمسٹری میں کامسٹیک ایوارڈ دیا تھا