آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت مسترد ہو گئی۔
سندھ ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں آغا سراج درانی سمیت 18 ملزمان کی درخواست ضمانت پر پہلے سے محفوظ فیصلہ سنایا۔
سپریم کورٹ کے حکم پر ملزمان کی درخواست ضمانت پر دوبارہ سماعت کی گئی، سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ندیم اختر اور جسٹس اقبال کلہوڑو پر مشتمل اسپیشل بینچ نے درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
ہائیکورٹ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت 8 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کر دیں جب کہ آغا سراج درانی کی اہلیہ اور بیٹوں کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی گئیں۔
یاد رہے کہ نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں آغا سراج درانی، ان کی اہلیہ اور بیٹے شہباز درانی کے علاوہ طفیل احمد، میٹھا خان، اسلم پرویز لانگاہ، ذوالفقار ڈاہر اور گلزار احمد سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔