ظاہر شاہ کو نیا ڈپٹی چیئرمین نیب تعینات کردیا گیا، نوٹیفکیشن جاری

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ظاہر شاہ کو ڈپٹی چیئرمین نیب تعینات کردیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ظاہر شاہ کو مستعفی ڈپٹی چیئرمین نیب حسین اصغر کی جگہ تعینات کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نئے ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ اس سے پہلے ڈی جی آپریشنز کے عہدے پر تعینات تھے۔

دوسری جانب نیب نے وزارت قانون سے نئے آرڈیننس کے قانونی نکات پر رائے طلب کرلی، قومی احتساب بیورو نے رائے آنے تک بیوروز کو نئے آرڈیننس کے تحت فیصلوں سے روک دیا گیا۔

چیئرمین نیب کی منظوری سے پراسیکیوٹر جنرل نے تمام ریجنل بیوروز کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ وزارت قانون کی رائے تک نئے آرڈیننس کے تحت فیصلہ نہ کیا جائے، ریجنل بیوروز کوئی رائے یا تجاویز دینا چاہیں تو جلد فراہم کریں.

نیب کا مؤقف ہے کہ نئے آرڈیننس کے اطلاق سمیت دیگر تمام نکات پر وزارت قانون سے رائے لی جائے گی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نیب ترمیمی آرڈیننس 2021ء پر 6 اکتوبر کو دستخط کئے تھے۔ آرڈیننس میں نئے چیئرمین نیب کیلئے وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے درمیان مشاورت کی شق برقرار رکھی گئی جبکہ نئی عدالتوں کے قیام اور ججز کی تقرری سمیت دیگر اہم نکات شامل تھے.

اپنا تبصرہ بھیجیں