خاندانی ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما و ایم این اے پرویز ملک انتقال کرگئے۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ لیگی رہنما پرویز ملک کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا، پرویز ملک کو اکرم میڈیکل کمپلیکس میں لایا گیا تھا۔
چودھری برادران نے مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک کے انتقال پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پرویز ملک سلجھے ہوئے پارلیمنٹرین تھے، ہمارے ان کے ساتھ اچھے مراسم تھے۔ چودھری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ پرویز ملک مثبت سوچ کے حامل شخص تھے۔
خیال رہے مسلم لیگ کے سینئر رہنما کی عمر 74 برس تھی۔ پرویز ملک 18 نومبر 1947 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ پرویز ملک 2017 سے 2018 تک کامرس اور ٹیکسٹائل کے وزیر رہے۔
پرویز ملک 5 مرتبہ ممبر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ انہوں نے پہلی مرتبہ 1997 میں پاکستان مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر الیکشن جیتا۔ اس کے بعد سال 2002، 2010، 2013 اور 2018 کے انتخابات میں بھی عوام کا اعتماد جیتا۔