بھارتی لوک سبھا کے اسپیکر اوم بریلہ نے پاکستانی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے نام خط بھیجا ہے۔ انہوں نے صادق سنجرانی کوپبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی100 سالہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
تقریبات 4 اور 5 دسمبر کو نئی دہلی میں ہوں گی، بھارتی صدر رام ناتھ کوند تقریبات کا افتتاح کریں گے۔ تقریبات کے اختتامی سیشن سے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی 5 دسمبرکوخطاب کریں گے۔
خط کے متن میں درج ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بھارت کی سب سے پرانی پارلیمانی کمیٹی ہے۔ اعزاز کی بات ہو گی کہ کمیٹی کے 100 سال مکمل ہونے کی تقریبات میں شرکت کریں۔
اوم بریلہ نے لکھا کہ ہمارے لیے باعث اعزاز ہو گا اگر اس تاریخی موقع پر آپ(صادق سنجرانی) بھارتی پارلیمنٹ کے مہمان بنیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات بہتر نہیں ہیں۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت کو سب سے پہلے کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ہو گا۔ بھارت سے دوستی چاہتے ہیں لیکن کشمیر کی قیمت پر ایسا نہیں ہو سکتا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق پانچ اگست کے اقدامات واپس لینے تک پاک بھارت تعلقات میں پیشرفت نہیں ہو سکتی۔
دوسری جانب سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے بھی کہا ہے کہ ہم بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے مگر بات چیت کے وقت کا تعین دونوں حریفوں کو خود کرنا ہوگا۔
حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ تعلقات کو بحال کرنے کے لیے بھارت کو پہلے کشمیر کے متعلق اپنے فیصلے واپس لینے پڑیں گے۔