غیر ملکی کمپنیاں ای بزنس سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں، صدر مملکت عارف علوی

دبئی : صدر ممکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان جدت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ون ونڈو آپریشنز کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

دبئی میں سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر صدر نے کہا کہ خصوصی ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے تحت ون ونڈو سہولت کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی، سہولت فراہم کرنا ہے،وفاقی حکومت ملک بھر میں عالمی معیار کے ڈیجیٹل اور بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کیلئے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کا قیام عمل میں لائی۔

صدر مملکت نے کہا کہ سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے قیام کا مقصد پاکستان کو دنیائے ٹیکنالوجی کے نقشے پر لانا ہے، ٹیکنالوجی کی دوڑ میں شامل ہو کر اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری سے ملک کے معاشی استحکام کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ غیر ملکی کمپنیاں مُختلف شعبوں بالخصوص ای بزنس میں سرمایہ کاری کریں،پاکستان میں انٹرنیٹ تک رسائی بڑھانے سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔

صدر مملکت سے ملاقات کرنے والوں میں موبیئس کیپیٹل پارٹنرز کے بانی مارک موبیئس؛ انتھونی چیونگ ، ڈریگن ٹیک وینچرز مینجمنٹ لمیٹڈ کے بانی شامل تھے۔گلیکسی ریسر (ای اسپورٹس) کے شیخ احمد المکتوم اور مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے ماسٹر کارڈ کے ڈویژن صدر خالد الجبیلی نے بھی صدر مملکت سے ملاقات کی۔

بعد ازاں ماسٹر کارڈ ، گلیکسی ریسر (ای اسپورٹس) اور شورق پارٹنرز وی سی فنڈز کے ساتھ پاکستان کی خصوصی ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے مابین تین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ گلیکسی ریسر پاکستان میں سب سے بڑے ای اسپورٹس ٹورنامنٹس کی میزبانی کرے گا،دسمبر میں ہونے والے ای سپورٹس مقابلوں میں ایک لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ہوگی۔

ماسٹر کارڈ نے پاکستان میں ایس ٹی زیڈ اےکے ساتھ اسٹریٹجک ڈیجیٹل کنٹری شراکت داری پر دستخط کیے،معاہدے سے ملک کی ڈیجیٹل معیشت کو بڑھایا جاسکے گا اور ٹیکنالوجی کے جدید شعبے کو ترقی دی جاسکے گی،ماسٹر کارڈ پاکستان کا پہلا کیش لیس اسپیشل ٹکنالوجی زون تیار کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں