صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی2 روزہ دورہ پر دبئی پہنچ گئے۔
متحدہ عرب امارات کے وزیرِ انصاف عبداللہ بن سلطان بن عواد النعیمی اور پاکستانی سفیر افضال محمود نے ایئر پورٹ پر صدر مملکت کا استقبال کیا۔ ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اپنے دورہ کے دوران ڈاکٹر عارف علوی متحدہ عرب امارات کی اعلی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے اور دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستانی پویلین کا بھی دورہ کریں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی دبئی میں روشن اپنا گھر پروگرام کی تقریب رونمائی میں بھی شرکت کریں گے۔ اپنے دو روزہ دورہ یو اے ای کے موقع پر صدر مملکت دبئی میں کاروباری شخصیات اور مختلف کمپنیوں کے سی ای اوز سے بھی ملاقات کریں گے۔
اس دورہ کا مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دو طرفہ تجارتی و معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔