معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ صاحبِ اقتدار قانون کے سامنے جوابدہ ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل درباریوں کی پریس کانفرنس احتساب کے عمل کو سبوتاثر کرنے کی ناکام کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب اور احتساب نااہلوں کے حواس پر چھائے ہوئے ہیں ، ترمیمی آرڈیننس میں انکی پریشانی صرف روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کی تجویز سے ہے ، نااہل ترمیمی بل میں 6 ماہ کے اندر فیصلے سنانے کی تجویز سے بھی حواس باختہ ہیں۔
ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ نااہلوں نے پہلے احتساب کو متنازع کرنے کی کوشش کی ، انکی بھرپور کوشش رہی کہ احتساب کے عمل کو کمزور اور سست کیا جائے ، انکی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔
معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ قانون شکن کو قانون کے تابع لایا جاتا رہے گا ، تاریخ میں پہلی مرتبہ صاحبِ اقتدار قانون کے سامنے جوابدہ ہوئے۔