ڈی سی لاہور نے ڈینگی مہم کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کردیں

ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کی جانب سے انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں 172 ڈینگی کے مریض داخل ہیں، جناح ہسپتال میں 32، گنگارام میں 30، سروسز ہسپتال میں 22 فاروق ہسپتال میں 17 ، ڈاکٹر ہسپتال، جنرل ہسپتال، گلاب دیوی ہسپتال اور حمید لطیف ہسپتال میں ڈینگی کے 8 مریض داخل ہیں جبکہ یونیورسٹی آف لاہور ٹیچنگ ہسپتال میں 7 اور فاطمہ میموریل ہسپتال سمیت گھرکی ہسپتال ٹرسٹ میں ڈینگی کے 6 مریض داخل ہیں۔

صوبے بھرمیں ڈینگی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظراپنےجاری کردہ بیان میں ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے کہا ہے کہ تمام شہری اپنی رہائش گاہ، کمرشل ایریاز اور کاروباری مراکز کے اردگرد کہیں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور اگر ڈینگی لاروا یا ڈینگی مچھر ان کی رہائش گاہوں یا کاروباری مراکز کے اردگرد سے ملا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

عمر شیر چٹھہ کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی آرز کا اندراج کروایا جائے گا جبکہ سزا اور جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ڈی سی لاہور کی جانب سے یہ اپیل بھی کی گئی ہے کہ شہری اپنے گھروں کے اندر، باہر اور ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں