آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پروپیگنڈا بھارتی فوج کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں علاقائی سیکیورٹی، بارڈر مینجمنٹ اور داخلی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکا نے پاکستان کو عدم استحکام کرنے کی سازشیں ناکام بنانے کا عزم کیا اور کہا کہ قربانیوں سے حاصل امن و استحکام کو تباہ کرنے کی سازش ناکام بنا دیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے عالمی برادری کا تعاون ضروری ہے۔
مزید برآں کانفرنس میں بھارتی فوج کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا نوٹس لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز نے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی فوج کی ہرزہ سرائی داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باعث داخلی تضادات کا شکار ہے۔