نیدرلینڈز نے پاکستان کو سالڈ ویسٹ سے بجلی بنانے کے منصوبوں پر تعاون کی پیشکش کردی ہے اور وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے اس پیشکش کا خیرمقدم کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈز کے سفیر ووٹر پلامپ نے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر سے ملاقات کی جس دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر حماداظہر نے پاکستان کی توانائی کی پالیسی کے خدوخال سے آگاہ کیا جبکہ نیدرلینڈز کے سفیر نے سالڈ ویسٹ سے بجلی بنانے کے منصوبوں پر تعاون کی پیشکش کردی۔
وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ پاکستان نیدرلینڈز کی سالڈ ویسٹ انرجی کے تکنیکی شعبے سے مستفید ہو گا، حکومت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو مراعات دے رہی ہے جو قابل تحسین ہیں، مستقبل میں بجلی کے منصوبے پن بجلی اور قابل تجدید ذرائع پر مبنی ہوں گے جبکہ بجلی ٹرانسمیشن کے منصوبوں پرترجیحی بنیادپر کام کر رہے ہیں۔