پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کے بیٹے نے تدفین کے حوالے سے والد کی خواہش بتاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چاہتے تھے کہ ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار میں ہو۔
شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر شریف کے صاحبزادے نے کہا کہ والد اب ہم میں نہیں اور وہ خالق حقیقی سے جا ملے ہیں، سب سے اپیل ہے کہ عمر شریف کی مغفرت کیلئے دعا کریں۔
انہوں نے بتایا کہ والد عمر شریف کی میت پاکستان لانے کے انتظامات ہو رہے ہیں تاہم اتوار کی چھٹی کے باعث کاغذات مکمل کرنے میں دشوار ی پیش آ رہی ہے ،میت کراچی پہنچنے کے بعد ہی تدفین کا اعلان کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ والد عمر شریف کی خواہش تھی کہ ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار میں ہو اس لئے سندھ حکومت سے عبداللہ شاہ غازی کے مزار میں والد کی تدفین کی درخواست کی ہے۔
دوسری جانب جرمنی میں پاکستانی سفارتخانے کا کہنا ہے اس وقت ہم جرمن حکام سے رابطے میں ہیں ،ضروری کاروائی مکمل کروانے میں عمر شریف فیملی کی مکمل سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے تاہم اتوار کو چھٹی کی وجہ سے پیر کو کاغذات مکمل کر کے میت روانہ کی جائے گی۔