وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے کہنا ہے کہ جو ہتھیار ڈال دے اس سے لڑنا جائز نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا ہمارے پڑوس میں 42 ممالک کی فوج اور ایجنسیاں لگی ہوئی تھیں انہیں حالات کا پتا ہی نہیں چلا، عالمی منظر نامہ تبدیل ہونے جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کو کسی قیمت پر واپس نہیں آنے دیں گے، دہشتگردی کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے، ہم پاکستان کے دشمنوں سے کونے کونے میں نمٹیں گے اور انہیں ختم کر کے دم لیں گے۔
کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا طالبان سے بات چیت کی ابتدا ہو رہی ہے ابھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچے لیکن اگر کوئی ہتھیار ڈال دے تو اس کے خلاف لڑنا جائز نہیں ہے۔