وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں محصولات کی مد میں ایک ہزار 395 ارب روپے حاصل کیے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں ایف بی آر کے ریونیو میں 38 فیصد اضافہ ہوا جس پر وہ قوم کو مبارک باد دیتے ہیں۔
ایف بی آر کی جانب سے مالی سال 22-2021 کی پہلی سہ ماہی کےدوران 1,211 ارب کےطے شدہ ہدف کی بجائے کامیابی سے 1,395 ارب روپے جمع کرنے پر میں قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران ہونے والی آمدن میں یہ 38 % نمو کی علامت ہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) October 1, 2021
خیال رہے کہ گزشتہ روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بیان جاری کیا تھا کہ رواں مالی سال کے پہلے 3 ماہ ٹیکس وصولیوں میں 38.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایف بی آر کی طرف سےجاری کردہ اعلامیے کے مطابق جولائی سے اگست تک ٹیکس وصولیوں کا ہدف ایک ہزار 211 ارب روپے تھا۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ پہلی سہ ماہی کی ٹیکس وصولیاں ظاہر کرتی ہیں کہ ایف بی آر 5 ہزار 829 ارب روپے کا ہدف با آ سانی پور ا کر لےگا، صرف ستمبرکے مہینے میں 31.2 فیصد اضافے سے 535 ارب کے محصولات اکٹھے ہوئے۔