پاک بحریہ میں انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائیزیشن کے تحت میری ٹائم کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ میری ٹائم کے عالمی دن کی مناسبت سے پاک بحریہ میں مختلف سرگرمیوں بشمول لیکچرز، مضمون نگاری کے مقابلوں اور ہاربر کی صفائی کا اہتمام کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں منعقدہ سیمینار میں مختلف جامعات کے طلباء وطالبات نے شرکت کی ، سیمینار میں پاکستان کے بحری مفادات کے موضوع پر مکالمے بھی پڑھے گئے۔
اس کے علاوہ دن کی مناسبت سے پاک بحریہ نے خصوصی ڈاکیومنٹری بھی ریلیز کی ہے جس میں پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا تھا کہ اس سال میری ٹائم کے عالمی دن کا موضوع ”جہاز ران جہاز رانی کے مستقبل کی بنیاد“ ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ آج کا دن جہازرانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے مشکل وبائی صورتحال کے باوجود دنیا کی اہم ترین سپلائی چین کو برقرار رکھا۔
سربراہ پاک بحریہ نے کہا تھا کہ قدرت نے پاکستان کو متعدد سمندری وسائل سے نوازا ہے جس سے استفادہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کے فروغ کے لیے پاک چین اقتصادی راہداری کی کامیابی محفوظ سمندری راستوں سے منسلک ہے ۔ پاک بحریہ سمندری دفاع کے ساتھ ساتھ ملک میں میری ٹائم شعبے سے متعلق آگاہی اور بلیو اکانومی کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔