پاکستان انجمن تاجران نے 29 ستمبر کو ایف بی آر کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کر دیا۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 29 ستمبر کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا ہر صورت گھیراؤ ہو گا اور کالے قانون کے خلاف پاکستان بھر سے تاجر اسلام آباد پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پوائنٹ آف سیل پر ڈیوائس لگانے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے جبکہ سیل ٹیکس رجسٹریشن کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ حکومت تاجروں کے ساتھ پہلے سے کیے گئے معاہدے کی بھی پاسداری کرے۔
اجمل بلوچ نے کہا کہ تاجروں سے ٹیکنیکل زبان میں گفتگو نہ کی جائے اور ملکی لٹریسی ریٹ کے مطابق آسان ٹیکس نظام وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس سے ایف بی آر کو دیے گئے اختیارات سے کرپشن میں اضافہ ہو گا اور ایف بی آر تاجروں کو حراساں کرنے کا عمل فوری طور پر بند کرے۔