وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں ایک مرتبہ پھر دنیا کو مودی کے بھارت کا فاشسٹ چہرہ دکھایا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ سے خطاب پر اپنے ردعمل میں شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم نے ایک مرتبہ پھر انتہائی جرات اور استدلال سے اقوام عالم کو آئینہ دکھایا ہے، اپنے خطاب میں انہوں نے دنیا میں بڑھتی ہوئی معاشی اورسماجی بے چینی کے اسباب کا احاطہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں افغان مسئلے کو درست سیاق وسباق میں دنیا کے سامنے رکھا، وزیر اعظم عمران خان دنیا کو انتہائی جرات سے یہ بھی بتایا کہ کس طرح سپر پاورز نے افغانستان میں کھیل کھیلے، افغان مجاہدین کے قیام اور طالبان کے اقتدار میں آنے تک کی داستان دنیا کے سامنے رکھی، موجودہ حالات میں افغانوں کو تنہا نا چھوڑنے کی اپیل وزیر اعظم عمران خان کی انسان دوست پہلو کی عکاس ہے، وزیر اعظم نے دنیا کو یہ بھی بتایا کہ کس طرح امریکا نے پاکستان کو دہشت گردی کے رحم وکرم پر اکیلا چھوڑ دیا انہوں نے دنیا کو باور کرایا کہ آج افغانستان میں حالات کا ذمہ دار پاکستان نہیں بلکہ امریکا اور دیگر ممالک ہیں، دنیا کو بتایا کہ پاکستان نے امریکا اور اتحادی افواج کا ساتھ دے کر بہت بھاری قیمت ادا کی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر دنیا کو مودی کے بھارت کا فاشسٹ چہرہ دکھایا ہے، مسئلہ کشمیراور بھارتی افواج کی سید علی گیلانی کی میت کی بے حرمتی کو دنیا کے سامنے رکھا، انہوں نے اقوام عالم کو باورکروانے کے کوشش کی ہے کہ کس طرح ہندوتوا نظریہ اقلیتوں کو کچل رہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے اقوام عالم کو یہ بھی بتایا کہ ترقی یافتہ ممالک غریب ملکوں کی لوٹی ہوئی دولت کو تحفظ دے رہے ہیں، امید ہے اقوام عالم وزیر اعظم عمران خان کے خطاب سے رہنمائی لے کر درست پالیسیاں بنائیں گے۔