وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ یوم سیاہ کے موقع پر ہم جموں و کشمیر کی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے یوم سیاہ کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے قبضے اور جبر سے آزادی کے لیے جموں و کشمیر کی مسلسل جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ اپنے عہد کو پورا کرے، یو این ایس سی کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کروائی جائے۔
اس سے قبل وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج وہ سیاہ دن ہے جب بھارتی غاصب فوج نے کشمیر پر قبضہ کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارتی غاصب فوج نے کشمیریوں کی آزادی کو کچلا ، آج پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔
دوسری جانب وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کشمیر کے یوم سیاہ پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 73 سال سے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق میں قراردادیں منظور کر رکھی ہیں ، بھارت کئی سال سے نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے ، کشمیری بھائی بہنیں اپنے حقوق کے لیے طویل جدوجہد کر رہے ہیں ، پنجاب اور پاکستان کی عوام کشمیری بھائیوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے۔
راجہ بشارت نے کہا کہ بھارت کے بدترین مظالم کے خلاف عالمی ضمیر کو بیدار ہونا چاہیے ، کشمیر میں حقوق انسانی کی بدترین خلاف ورزیوں پر عالمی کمیونٹی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا کہ ہم ہر لحاظ سے کشمیری مظلوم بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، انشاءاللہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیریوں کو آزادی ملے گی۔