ہماری ڈیل صرف عوام کے ساتھ ہے، وضاحت کے لیے ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے ایم کیو ایم وفد سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ ہماری ڈیل صرف عوام کے ساتھ ہے، وضاحت کے لیے ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق احسن اقبال نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ڈیل صرف عوام کا ساتھ ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انھوں نے اس بات کی وضاحت کر دی ہے۔

احسن اقبال نے کہا اس ملک کے معاشی بحران کا حل صرف اور صرف شفاف انتخابات ہیں، ہم نے ایم کیو ایم سے بھی یہ بات کی ہے پاکستان کے مسائل کو کوئی ایک لیڈر، ایک ادارہ یا ایک جماعت تنہا حل نہیں کر سکتی۔

واضح رہے کہ آج پریس کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے میاں نواز شریف کے ساتھ ڈیل کی خبروں کی باقاعدہ تردید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سے ڈیل کی باتیں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔

انھوں نے کہا اگر کوئی ڈیل کی بات کرتا ہے تو اس سے ثبوت مانگیں، یہ سب افواہیں ہیں، جتنا کم بات کی جائے بہتر ہوگا، ہر شام ٹی وی پر بات کی جاتی ہے اسٹیبلشمنٹ نے یہ کر دیا، وہ کر دیا، اسٹیبلشمنٹ کو اس بحث سے باہر رکھیں، فوج حکومت کا ماتحت ادارہ ہے، اور اس کے احکامات کا پابند ہے۔

ڈی جی نے مزید کہا اداروں کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے، ہم بیرون ملک بیٹھ کر مہم چلانے والوں سے آگاہ ہیں۔

واضح رہے کہ آج لیگی وفد ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد گیا، دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی، مسلم لیگ ن نے ایم کیو ایم پاکستان سے منی بجٹ بل کے خلاف ساتھ دینے کی اپیل کر دی ہے، خالد مقبول صدیقی نے کہا حکومت کا حصہ ضرور ہیں، لیکن عزائم حکومت جیسے نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں