پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے جوان بلوچستان کے زلزلے سے متاثرہ علاقے ہرنائی پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے ضلع ہرنائی کی زلزلے سے متاثرہ آبادی کے لیے ضروری خوراک اور پناہ گاہیں منتقل کی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس عملہ ضروری دواؤں کے ساتھ سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ زلزلے کے 9 شدید زخمی پاک فوج کے ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ہرنائی سے کوئٹہ پہنچائے گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا مزید کہنا ہے کہ آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ نقصان کے تخمینے کے لیے ہرنائی پہنچ گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا ہے کہ پاک فوج کی اربن ریسرچ اور ریسکیو ٹیم کو راول پنڈی سے ہرنائی روانہ کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں رات گئے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیئے گئے۔
زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے سے ہرنائی میں 20 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔