کہاں گئیں ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر ؟ عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا، بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہےکہ عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا ، کہاں گئیں ایک کروڑ نوکریاں،کہاں گئے 50 لاکھ گھر ؟ آپ تو کہتے تھے مہنگائی بڑھنے کا مطلب ہے وزیرا‏عظم چور ہے۔

باغ جناح کراچی میں سانحہ کارساز کے شہدا کی یاد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ آج تو ملک میں تاریخی مہنگائی ہے، یہ وعدہ نہیں کرسکتے کہ سارے حالات ایک دن میں ٹھیک ہوں گے لیکن جب بھی ہماری حکومت ہوگی وہ عوام دوست ہوگی ۔

بلاول کا کہنا تھا کہ آج بھی ملک میں آٹے ، تیل اورپیٹرول کابحران ہے ، ملک میں جب عوامی نمائندے ہوں گے تو عوام کے حق میں فیصلےکریں گے، پیپلزپارٹی عوام دوست پالیسی پر یقین رکھتی ہے ، خان صاحب نےایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا، عمران خان نےہر وعدے پر یو ٹرن لیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان آپ نے عوام سے روز گار چھینا ہے، آپ تو کہتے تھے مہنگائی بڑھنےکا مطلب وزیراعظم چور ہے ، آج جتنی مہنگائی ہے اس کا مطلب جتنا بڑا چور آج وزیراعظم ہے اتنا کبھی تاریخ میں نہیں رہا، جتنی مہنگائی اس وقت ہے تاریخ میں ایسی مہنگائی کبھی نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ تجاوزات کے نام پر لوگوں کے سر سےچھت چھین رہےہیں، جن کےپاس روز گار تھا ، ظالم حکومت ان سےبھی روز گار چھین رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ وعدہ نہیں کرسکتےکہ معاشی حالات ایک روز میں ٹھیک ہوسکتے ہیں، ہم مکان بنائیں گے، ہم چھت نہیں گرائیں گے، ہم غربت کو مٹائیں گے، غریب کو نہیں مٹائیں گے، سب کو نظر آرہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت آ رہی ہے، جب تک عمران خان کو نہیں بھگا دیتے احتجاج جاری رہےگا، عمران خان کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے، اگلے مرحلے میں پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈر اپنے اپنے علاقوں میں غربت اور بے روزگاری کے خلاف احتجاج کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان عدالت، الیکشن کمیشن، میڈیا، سوشل میڈیا اور اداروں کو اپنی ٹائیگر فورس بنانا چاہتے ہیں لیکن ہم اس کٹھ پتلی کو اس کی اجازت نہیں دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں