وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کے سائبر کرائم ونگ کی کارروائی ،لوگوں کو کورونا کے جعلی ویکسی نیشن کارڈ بنا کر دینے والے تین جعلی ویکسینٹر کو گرفتار کرتے ہوئےمقدمہ درج کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سکھر نے اندرون سندھ کورونا کے جعلی ویکسی نیشن کارڈ بنانے والے جعلی ویکسینٹروں کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیاہے،سکھر میں کارروائی کے دوران بنیادی مرکز صحت(بیسک ہیلتھ یونٹ)نیو پنڈ کے تین ملازمین فیصل ،حیدر اور فضل کو گرفتار کرلیاہے جو سینٹر میں ڈرائیور گارڈ اور چوکیدار کی ڈیوٹی انجام دیتے تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان لوگوں سے رقمیں لے کر انہیں بغیر ویکسین لگائے ان کا ڈیٹا آن لائن پورٹل نیشنل ایمونیزیشن مینجمنٹ سسٹم(این آئی ایم ایس) میں داخل کرنے اور انہیں کارڈ بنا کر دینے میں ملوث تھے ۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔