کراچی میں کورونا وائرس اور اومی کرون کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر صدر کی الیکٹرانکس مارکیٹ میں 6 دکانیں سیل کر دی گئیں۔
صدر کے مرکزی ریگل چوک پر کی گئی کارروائی کے دوران پریڈی پولیس بھی موقع پر موجود تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر صدر طارق حسن نے پولیس اور مقامی انتظامیہ کے اہلکاروں کے ہمراہ صدر ریگل چوک پر اچانک چیکنگ کی۔
انتظامی افسران نے مختلف دکانوں میں عام شہریوں کی طرح جاکر کورونا وائرس سے بچاؤ کے سلسلے میں کیے گئے اقدامات اور ایس او پیز کا معائنہ کیا۔ بیشتر دکانوں پر گاہکوں نے تو کیا دکانداروں اور ان کے اسٹاف نے بھی ماسک نہیں پہنے تھے۔
ان دکانوں پر سماجی فاصلے کا بھی خیال نہیں رکھا جا رہا تھا اور نہ ہی کورونا وائرس سے بچاؤ کی دیگر تدابیر تھیں۔ دکانداروں نے سینیٹائزر کا بھی انتظام نہیں کر رکھا تھا جس پر اسسٹنٹ کمشنر طارق حسین کی ہدایت پر مرکزی روڈ کی 6 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔
مقامی انتظامیہ نے صدر سمیت علاقے کے تمام دکانداروں کو وارننگ دی ہے کہ وہ کورونا وائرس ایس او پیز کا بھرپور خیال رکھیں اور ماسک پہننے کے علاوہ سینیٹائزر کی موجودگی کو بھی یقینی بنائیں۔