کوئٹہ میں‌ینگ ڈاکٹرز کا ریڈ زون میں‌دھرنا

کوئٹہ میں مسیحاؤں کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، ینگ ڈاکٹرز نے فرائض چھوڑ کر ریڈ زون پر دھرنا دیدیا۔

ینگ ڈاکٹرز کے دھرنے کے باعث شہر بھر میں ہونے والے ٹریفک جام نے شہریوں کو ذہنی کوفت میں مبتلا کردیا ہے، جبکہ دو ہفتے سے جاری ہڑتال کے باعث صوبے بھر کے اسپتالوں میں مریض رُل گئے ہیں۔

او پی ڈیز بند ہونے اور آپریشن نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں اور لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ینگ ڈاکٹرز کی آئے روز کی ہڑتالوں سے تنگ عوام نے چیف جسٹس بلوچستان اور حکومت سے ڈاکٹرز کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

عدالت کے حکم کے باوجود پیرا میڈیکس اسٹاف اور ینگ ڈاکٹرز نے ناصرف احتجاجی دھرنا دیا، بلکہ سروسز سے بائیکاٹ بھی کردیا ہے جس کی وجہ سے اسپتالوں میں آپریشن تھیٹرز اور اوپی ڈی ایز بند کردی گئیں ہیں۔ مختلف آپریشن کے مریضوں کو کہا جا رہا ہے کہ ایمرجنسی کے علاوہ کوئی آپریشن نہیں ہوگا۔

دوسری جانب ڈاکٹرز کے نجی کلینکس و اسپتالوں میں عوام کو بھاری بھرکم فیس اور کمیشن کی دوائیوں سے نوازا جا رہا ہے جس کے باعث غریب عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں