ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اب تک کے غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 45، آزاد امیدوار 43، مسلم لیگ ن کے 30 اور پیپلزپارٹی کے 10 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔
کراچی میں منوڑہ کینٹ کی دونوں نشستوں پر پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی ہے جبکہ تحریک انصاف کا کلفٹن اور فیصل کینٹ میں جیت کا دعویٰ ہے۔
لاہور اور راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کو سبقت حاصل ہے جب کہ پشاور میں پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ نشستیں جیت لی ہیں۔
حیدر آباد میں دس میں سے سات نشستوں پر ایم کیو ایم کے امیدوار جیت گئے ۔ پیپلز پارٹی تین نشستیں حاصل کر سکی۔
خیال رہے کہ انتخابات کے لیے پولنگ اسٹیشنوں میں اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
42 کنٹونمنٹ بورڈز میں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 180، مسلم لیگ ن کے 143 اور پیپلز پارٹی کے 112 امیدوار مدمقابل ہیں۔
کراچی میں 6 کنٹونمنٹ اور 42 وارڈز ہیں لیکن یہاں کوئی بھی جماعت تمام سیٹوں پر امیدوار نہیں اتار سکی۔ پی ٹی آئی نے کراچی میں سب سے زیادہ 41 امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ کراچی میں پیپلز پارٹی 40، جماعت اسلامی 38 اور ایم کیو ایم کے 32 امیدوار ہیں۔
لاہور اور والٹن کنٹونمنٹ میں 10، 10 وارڈز ہیں جبکہ 20 نشستوں پر 268 امیدوار مدمقابل ہیں۔ لاہور کنٹونمنٹ میں 110، والٹن میں 158 امیدوار ہیں۔ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔