کراچی چڑیا گھر میں شیر کے ہلاک ہونے پر مرتضیٰ وہاب کا بیان

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر میں شیر شدید بیمار تھا اس وجہ سے ہلاکت ہوئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چڑیا گھر کی انتظامیہ میں کچھ خرابیاں ہیں، افسر کو ہٹایا تو اس نے حکمِ امتناع لے لیا۔

انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر میں ہمیں انتظامی مشکلات کا سامنا ہے، شیر کی ہلاکت کے واقعے کے بعد میں نے چڑیا گھر کے افسر کو معطل کیا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنا دی ہے، جانور کی جان گئی، کہیں نہ کہیں ہم سب قصور وار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کے ذمےداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر چڑیا گھر بند کر دیا جائے تو زیادہ نقصان لوگوں کا ہو گا جو تفریح کے لیے چڑیا گھر آتے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی چڑیا گھر میں سفید شیر ہلاک ہوگیا تھا، جس پر محکمہ بلدیات سندھ نے کارروائی کرتے ہوئے غفلت کے مرتکب افسر خالد ہاشمی کو معطل کر دیا تھا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے واقعے کا سخت نوٹس لیا تھا اور مذکورہ افسر کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

محکمہ بلدیات کے نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ افسر کے خلاف قواعد کے تحت قانونی کارروائی بھی کی جائے گی.

اپنا تبصرہ بھیجیں