کراچی: ناظم آباد میں کار پر فائرنگ سے سماء ٹی وی کے سینئر پروڈیوسر اطہر متین جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ ناظم آباد کی مرکزی شاہراہ پر پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے مبینہ طور پر ایک کار نمبر اے ایچ ٹی 180 پر سوار اطہر متین کو روکنے کی کوشش کی جس پر کار سوار نے گاڑی روکنے کی بجائے ملزمان کی موٹر سائیکل کو کار سے ٹکر ماردی جس سے وہ گرگئے تاہم ان میں سے ایک ملزم نے پستول سے کار پر تین گولیاں فائر کیں۔
پولیس کےمطابق گولیاں لگنے سے کار سوار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جب کہ ملزمان سڑک عبور کرکے دوسری طرف سے ایک اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا لگتا ہے تاہم حتمی طور پر تفتیش کے بعد کچھ کہا جا سکتا ہے۔
اطہر متین نجی ٹی وی سماء سے منسلک تھے اور بطور پروڈیوسر ذمہ داریاں سر انجام دے رہے تھے جب کہ وہ معروف نیوز کاسٹر اور اینکر طارق متین کے بھائی تھے۔