کراچی میں گرد آلود ہواؤں کے جھکڑ باعث درخت اور کھمبے اکھڑ گئے جبکہ دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کراچی میں تیز ہواؤں کے باعث نارتھ ناظم آباد بلاک ایل کے قریب گھر کی دیوار گر گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مواچھ گوٹھ بلدیہ میں چھت کا کچھ حصہ گرگیا جس کے باعث خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ اورنگی ٹاؤن میں بھی بجلی کا کھمبا گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تین ہٹی کے مقام پر تیز ہوا سے درخت گرگیا جس کے باعث 2 رکشے اور چائے خانے کونقصان پہنچا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہواؤں کی رفتار 63 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے۔
محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں کا سلسلہ رات تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔