کراچی : پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 5 انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار کرکے 3 عدد آوان بم اور 2 کلو سے زائد چرس برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق منشیات فروشی اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے منگھو پیر اور پیرآباد میں مخصوص علاقوں میں کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔
ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 05 انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار کرلیا اور ملزمان سے 3 عدد آوان بم اور 2 کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی۔
ایس ایس پی ویسٹ سہائی عزیز نے بتایا تین تھانوں کے 40 سے زائد اہلکاروں نے آپریشن میں حصہ لیا، کارروائیاں مشکی پاڑہ، گرم چشمہ اور اطراف میں کی گئی جبکہ میاں والی کالونی اور دیگر علاقوں میں آپریشن کیا گیا۔
سہائی عزیز کا کہنا تھا کہ ملزمان میں خرم زمان، عبداللہ، زبیر عرف بابو، طارق اور غلام نبی شامل ہیں، گرفتار ملزمان دہشتگردی اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں۔
ایس ایس پی ویسٹ نے کہا ہے کہ ملزمان خرم زمان اور عبداللہ کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے، ملزمان نے افغانستان سے دہشتگردی کی تربیت حاصل کرنے کا بھی انکشاف کیا جبکہ گرفتار ملزم طارق امن کمیٹی کا سابقہ رکن ہے اور ملزمان مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرتے تھے۔
سہائی عزیز کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کیخلاف ایکسپلوسو اور نارکوٹک ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے، ملزمان قبل از بھی سندھ سمیت دیگر صوبوں سے گرفتار ہو کر جیل جاچکے ہیں جن کی تفصیلات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔