کراچی میں پولیس نےکارروائی کے دوران پولیس کے اسپیشل سکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کی وردی میں ملبوس جعلی اہلکار کو گرفتار کرکے مسروقہ موٹر سائیکل برآمدکرلی۔
اے ایس پی درخشاں، رانا محمد دلاور کے مطابق ڈیفنس فیز 2 میں ایس ایس یو کی یونی فارم پہنے ایک ملزم نے موٹر سائیکل چوری کی اور فرار ہوگیا۔
اطلاع ملنے پر مددگار 15 پولیس نے بروقت کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا، اے ایس پی رانا دلاور کے مطابق گرفتار ملزم اکرام اللہ سے چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم سے ابتدائی تفتیش کے دوران ماضی کا کرائم ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے، گرفتار ملزم لاڑکانہ سے گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکا ہے، ملزم پولیس کی وردی پہن کر وارداتیں کرتا رہا ہے، ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔