کراچی میں 23 ستمبر سے مزید بارشوں کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کے مزید سسٹم ستمبر میں معتدل بارشوں کا باعث بن سکتے ہیں۔
گرمی کے ستائے شہری ہوجائیں ہوشیار، محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔
مون سون ہوائیں 22 ستمبر سے سندھ پر اثر انداز ہونا شروع ہوجائیں گی جس کے زیر اثر تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ اور بدین میں 22 سے 25 ستمبر کے دوران تیز ہوائیں،گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حیدر آباد، ٹھٹھہ، نواب شاہ، دادو، سکھر، خیرپور، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکار پور اور نواب شاہ میں 23 سے 25 ستمبر کے دوران بارش کا امکان ہے جبکہ کراچی میں معتدل برسات متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مون میں سندھ میں 47 فیصد کم بارشیں ہوئیں لیکن ستمبر میں معمول سے زائد مون سون سسٹمز خلیج بنگال میں تشکیل پارہے ہیں اور مون سون کا اختتام بھی تاخیر سے ہونے کا امکان ہے۔